کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی ایکسپو سینٹر میں پانچویں ٹیکسپو پاکستان نمائش کا آغاز ہو گیا‘ تین روزہ نمائش25اکتوبر تک جاری رہے گی‘ نمائش کا افتتاح وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کیا‘ کانفرنس میں جام کمال خان، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی اور صوبائی وزرا، سفارت کاروں اور بڑی تعداد میں غیرملکی وفود نے شرکت کی۔ اس موقع پروزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی کپڑے اور چمڑے کی صنعت نہ صرف برآمدات کے لحاظ سے اہم ہیں بلکہ روزگار کی فراہمی، غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ 2024-2023 میں کپڑے کی برآمدات 16 ارب ساٹھ کروڑ ڈالر تک جا پہنچیں جبکہ چمڑے کی صنعت نے 80 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ کمایا۔