• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ بی بی رہا، ڈیل؟ ایسا ہوتا تو 9 ماہ جیل میں نہ رہتیں، بیرسٹر گوہر، PTI آئینی ترمیم میں ساتھ تھی، غفور حیدری

عبدالغفور حیدری—فائل فوٹو
عبدالغفور حیدری—فائل فوٹو

پشاور/اسلام آباد (نمائندہ جنگ / ایجنسیاں) بانی تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد بنی گالہ میں مختصر قیام کے بعد پشاور پہنچ گئیں۔

لاہور میں قیام کے حوالے سے پی ٹی آئی قیادت نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا‘وہ ہائی سکیورٹی زون میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب قیام کریں گی۔

بشریٰ بی بی کی رہائی کے بعد ملک میں ڈیل کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے تاہم چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی رہائی میرٹ پر ہوئی‘ اگر کوئی ڈیل ہوتی تو وہ 9 ماہ جیل میں نہ رہتیں‘ بشریٰ بی بی کسی تحریک میں شریک نہیں ہوں گی‘بہت جلد عمران خان بھی عوام کے درمیان ہوں گے‘ 26 ویں ترمیم کو ہم نے قبول نہیں کیا تھا۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام(ف)کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم میں پی ٹی آئی مکمل طور پر ہمارے ساتھ تھی‘پورا مسودہ پی ٹی آئی کو فراہم کیا تھا‘پی ٹی آئی کی قیادت کے جیلوں میں ہونے کی وجہ سے ہم نے خود انہیں ترمیم کے حق میں ووٹ دینے سے روکا تھا‘ بشریٰ بی بی کے بعد عمران خان بھی آج نہیں تو کل رہا ہوجائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بشری بی بی جیل سے رہائی کے بعد بنی گالہ میں مختصر قیام کے بعد پشاور پہنچ گئیں جہاں ان کی رہائش کا انتظام شہر کے ہائی سکیورٹی زون میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب ہی کیا گیا ہے۔ 

بیرسٹر سیف نے تصدیق کی کہ بشریٰ بی بی پشاور پہنچ گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب واقع سی ایم انیکسی کو خالی کرکے انتظامات کیے گئے ہیں جہاں بشریٰ بی بی اب قیام کریں گی۔ 

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اور اس موقع پر ان کی وکلا ٹیم بھی ہمراہ تھی۔ 

ذرائع نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی سکیورٹی کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ وہ حیات آباد میں واقع شوکت خانم میں چیک اپ کے لیے بھی گئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ رہائی کے بعد پارٹی قائدین محفوظ مقام پر بشریٰ بی بی کے قیام کے حوالے سے فکرمند تھے جبکہ وزیراعلیٰ گنڈاپور نے انہیں پشاور آنے اور وہیں قیام کرنے کا مشورہ دیا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے موقف اپنایا کہ پشاور میں دوبارہ گرفتاری یا پولیس چھاپے کا خدشہ نہیں ہوگا اور سکیورٹی بھی فول پروف ہوگی۔ 

دریں اثناء اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کے نظریے کیساتھ رہیں‘ بشریٰ بی بی نے بہت دلیری کیساتھ جیل برداشت کی‘ اگر کوئی ڈیل ہوتی تو وہ اتنے ماہ جیل میں نہ رہتیں۔ بانی پی ٹی آئی بھی جلد میرٹ پر عدالتوں سے رہائی حاصل کر لیں گے۔

اہم خبریں سے مزید