کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر اطلاعات ،ٹرانسپورٹ، ماس ٹرنزٹ ،ایکسزائز اینڈ ٹیکسیشن شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کے لئے اہم منصوبہ یلو لائن بی آر ٹی شروع کر دیا ہے، ورلڈ بینک کے تعاون سے 100ارب روپے کی لاگت آئے گی، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت بسز چلائی جائیں گی، عمران خان کو ریلیف مل رہا ہے، اس کے پیچھے جمائمہ اور سالا گولڈ اسمتھ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یلو لائن بی آر ٹی کے ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ کوشش کرینگے اور ورلڈ بینک سے بات کریں گے کہ اس روٹ پر بھی ای وی بسز چلائی جائیں، کانٹریکٹر نے 18ماہ میں منصوبہ مکمل کرنے کی یقین دہابی کروائی، ہم چاہتے ہیں کہ اس سے پہلے یہ منصوبہ مکمل ہو، شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ یلو لائن کا ٹریک 21 کلو میٹر کا ہوگا، جام صادق پل کے ساتھ نیا پل بنایا جا رہا ہے، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے ڈبل ڈیکر بسسز چلائی جائینگی، پاکستان میں ماحول دوست بسیں بھی پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت شروع کر رہی ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حمایت میں اسرائیلی لابی پوری دنیا میں سرگرم ہے، پوری دنیا میں گولڈ اسمتھ گروپ سرگرم ہے، ہم اس چیز کے خلاف ہیں کہ کسی کی ماں بہن بیٹی بہو کو گرفتار کیا جائے، تانے بانے سے لگ رہا ہے کہ عمران خان کو ریلیف مل رہا ہے، شرجیل انعام میمن نے کہاکہ اس سب کے پیچھے عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور سالا گولڈ اسمتھ ہے۔