• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ام رباب چانڈیو اہل خانہ قتل کیس کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی

میہڑ(نامہ نگار)میہڑ کی ام رباب چانڈیو کے 3اہل خانہ کے قتل کیس کی عدالت میں سماعت 8 نومبر تک ملتوی، ام رباب چانڈیو کی میڈیا سے بات چیت، تفصیلات کے مطابق ،گزشتہ روز میہڑ کی ام رباب چانڈیو کے والد ،چچا اور دادا سمیت 3افراد کے قتل کے کیس کی سماعت دادو کی ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ کے جج حسن علی کلہوڑ وکی عدالت میں ہوئی ،کیس کے مدعی پرویز چانڈیو اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے جبکہ کیس میں نامزد ملزمان پی پی ایم پی اے سردار خان چانڈیو ،ایم پی اے نواب برہان خان چانڈیو ، سابق ایس ایچ او فرید آباد کریم بخش چانڈیو، ستار چانڈیو سمیت دیگر جیل میں قید مرتضی چانڈیو ،رئیس علی گوہر چانڈیو ،سکندر چانڈیو، ذوالفقار چانڈیو کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے سماعت 8نومبر تک ملتوی کردی ۔ عدالت کے باہر ام رباب چانڈیو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ7سال سے ہم عدالت آرہے ہیں، عدالت میں کیس اب تیزی سے چل رہا ہے ،مجھے امید ہے کہ ملزمان کو سزا ملےگی۔انہوں نے کہا کہ جیل میں قید ملزم سکندر چانڈیو کو رشتے دار کے انتقال پر محکمہ داخلہ کی جانب پیرول پررہائی دینے سے ثابت ہوتا ہے کہ ہمیں ہراساں کیا جا رہا ہے ۔واضح رہے کہ7 برس قبل میھڑ میں مسلح ملزمان کے حملے اور فائرنگ میں ام رباب چانڈیو کے والد مختیار علی چانڈیو ،چچا ضلعی کونسلر قابل چانڈیو اور دادا یوسی چیئر مین کرم اللہ چانڈیو سمیت تین افراد کو قتل کیا گیا تھا ۔ جس کے مقدمے میں پیپلز پارٹی کے ایم پی ایز سردار خان چانڈیو ،ان کے بھائی برہان خان چانڈیو اور فرید آباد تھانے کے سابق ایس ایچ او کریم بخش چانڈیو کو بھی نامزد کیا گیا تھا ،جبکہ 4 ملزمان مرتضی چانڈیو ،علی گوہر چانڈیو ،سکندر چانڈیو سمیت دیگر بھی جیل میں قید ہیں ۔ دوسری جانب کیس میں نامزد پی پی ایم پی اے سردار خان چانڈیو نے کہا کہ ہمیں جھوٹے مقدمے میں مخالفین کے کہنے پر پھنسایا گیا ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ عدالت ہم سے انصاف کریگی ۔ دریں اثناء سماعت کے دوران سیکیورٹی انتظامات سخت کیے گئے تھے ۔
اہم خبریں سے مزید