• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اخبارات میں اشتہارات کی بندش قبول نہیں، اے پی این ایس

لاہور ( جنگ نیوز) حکومت پنجاب کی جانب سے پروکیورمنٹ رولز(پیپرا) میں ترمیم کی آڑ میں قومی و علاقائی اخبارات میں ٹینڈر نوٹس (آئی پی ایل) اشتہارات کی بندش کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، پیپرا رولز میں ترمیم اخبارات کا معاشی قتل کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے جس کے نتیجے میں تمام چھوٹے بڑے میڈیم سائز اخبارات بند اور صحافتی اداروں سے وابستہ ہزاروں کارکن بے روز گار ہوجائیں گے، پیپرا رولز میں ترمیم واپس نہ لینے کی صورت میں عدالتی و قانونی چارہ جوئی کے ساتھ ساتھ ہر پلیٹ فارم پر شدید احتجاج کیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے پر زور مطالبہ ہے کہ وہ پیپرا رولز میں اس ترمیم کو فوری واپس لے کر پہلے سے مالی بحران کا شکار اخبارات کو بند ہونے سے بچائیں، اس تشویش کا اظہار اے پی این ایس پنجاب کمیٹی کے چیئرمین جمیل اطہر قاضی کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میں اخبارات کو درپیش سنگین مالی مسائل پر غور کیا گیا اور اس بات کی واضح طور پر نشان دہی کی گئی ہے کہ صوبے میں پیپرا رولز میں ترمیم کے ذریعے سرکاری محکموں میں خریدار ی کے عمل کو غیر شفاف بنانے اور اخبارات کا معاشی قتل کرنے کی ایسی کسی بھی کوشش کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔شرکاءاجلاس کو اس سنگین صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی کہ یہ مسئلہ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے سامنے بارہا اٹھایا گیا اور انہوں نے متعلقہ ترمیم کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی یقین دہانی بھی کرائی لیکن تا حال یہ ترمیم لاگو ہے جس سے اخبارات شدید مالی بحران کا شکار ہوگئے ہیں اور ان کا وجود برقرار رکھنا ناممکن ہو چکا ہے۔ شرکاءاجلاس نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ اس سنگین مسئلے پر ایک 4نکاتی حکمت عملی کے تحت تمام اخباری ، صحافتی و کارکن تنظیموں بشمول سی پی این ای ، لاہور پریس کلب، پی ایف یو جے کے نمائندوں پر مشتمل ایک جوائنٹ ایکشن کمیٹی بنائی جائے گی ۔ اس ضمن میں تمام متعلقہ تنظیموں کے نمائندوں سے فوری رابطے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ اے پی این ایس پنجاب کمیٹی کے اجلاس میں صدر جناب جمیل اطہر قاضی کے علاوہ عرفان اشرف (جنگ)، عمران رضا(ڈان)، محمد فاروق (پاکستان)، شیخ فرقان(خبریں)، صفدر علی خان (سرزمین)، اویس رازی (طاقت)، محسن ممتاز (آفتاب)، عمران اطہر قاضی (تجارت)، عرفان اطہر قاضی (جرا ٔت) نے شرکت کی۔
اہم خبریں سے مزید