کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے بتایا کہ پائیدار شہری ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لئے ان کے محکمے نے کراچی کے ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورک میں500مکمل الیکٹرک بسیں شامل کرنے کی تجویز دی ہے،یہ تجویز انھوں نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت مختلف محکموں کے مشترکہ اجلاس میں پیش کی ،اجلاس میں پائپ لائن اور کچھ دیگر نئے منصوبے جو ڈونر ایجنسیوں کے تعاون سے شروع کر سکتے ہیں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس وزیراعلی ہاوس میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا، وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن، وزیر توانائی ناصر شاہ، وزیر صنعت جام اکرام، میئر کراچی مرتضی وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔ کراچی کیلئے مزید 500 الیکٹرک بسوں کی طلب: اجلاس میں وزیراعلی نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث کراچی کا پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام کافی پرانا ہوچکا جس کی وجہ زیادہ بھیڑ، ناکارہ اور ماحول کو نقصان پہنچانے والے اقدامات ہیں۔