نئی دہلی (اے ایف پی) بھارت نے رواں ماہ متعدد ایئر لائنز کو بموں کی موجودگی کی سینکڑوں جعلی دھمکیوں کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو کسی بھی ایسی پوسٹ پر ’نتیجہ خیز کارروائی‘ کا انتباہ جاری کردیا جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے ایئر لائنز کو ملنے والی ان دھمکیوں سے ملک میں پھیلنے والی افراتفری اور دہشت کو حکومت نے قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیدیا۔ رواں ماہ ان دھمکیوں کی وجہ سے طیاروں کا رخ کینیڈا اور جرمنی کی جانب موڑنا پڑا جبکہ برطانیہ اور سنگاپور میں ان مسافر طیاروں کی حفاظت کے لیے لڑاکا طیارے بھیجنے پڑے تھے۔ حکومت نے ان دھمکیوں کے پھیلاؤ کو خطرناک حد تک ’بے قابو‘ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو خبردار کیا کہ اگر وہ ’غلط معلومات کو فوری طور پر ہٹانے‘ کے حکومتی احکامات کی تعمیل نہیں کرتے تو ان کے خلاف نتیجہ خیز کارروائی کی جائے گی۔ بھارتی حکومت کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ اس طرح ایئر لائنز کو بم کی دھمکیوں کی صورت حال ریاست کے امن عامہ اور سلامتی کے لیے ممکنہ خطرے کا باعث بنتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس طرح کی جعلی بم کی دھمکیاں، شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی معاشی سلامتی کو بھی غیر مستحکم کرتی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر تیسرے فریق اپنی ذمہ داریوں کی پیروی نہیں کرتے تو انہیں ایسی (جعلی) معلومات کے لیے ذمہ داری سے استثنیٰ نہیں دیا جائے گا۔