لاہور (نیوزرپورٹر)بھارت سے آلودہ ہوا پنجاب میں داخل، پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا اور شہر کے بعض علاقوں میں ائیر کوالٹی انڈیکس900تک پہنچ گیا۔ آلودہ ہوا دہلی سے چندی گڑھ اور امرتسر کے راستے لاہور میں داخل ہوئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں امرتسر سے چلنے والی اسموگ زدہ ہوا کے دباؤ کے نتیجے میں ائیرکوالٹی انڈیکس میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔ آلودہ ہوا دہلی سے چندی گڑھ اور امرتسر کے راستے لاہور میں داخل ہوگئی ہے۔ پاکستانی سیٹلائٹ اور موسمیاتی تحقیقاتی اداروں کے مطابق ہوا 7کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے لاہور کی جانب چل رہی ہے۔ کسی علاقے کا اے کیو انڈیکس 150سے اوپر ہوجائے تو وہ ہوا غیر صحت مند ہوجاتی ہے اور 300 سے اوپر جانے کا مطلب انسانی صحت کے لیے انتہائی مُضر ہے۔ آلودگی کی وجہ سے شہری مختلف بیماریوں مبتلا ہونے لگے اور نزلہ زکام، کھانسی، بخار، آنکھوں کی جلن اور گلے میں خراش ہونا معمول ہوگیا۔ آلودہ فضا کے باعث سانس کے مریضوں کو زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس وقت لاہور کا اے کیو آئی حساس اور کمزور افراد کے لیے مضرصحت ہے۔