گلاسگو (طاہر انعام شیخ) کنٹرول لائن کے دونوں جانب بسنے والے کشمیریوں نے دنیا بھر میں 27اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر کو جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ تحریک کشمیر اسکاٹ لینڈ کے زیراہتمام اسکاٹ لینڈ کے سب سے بڑے شہر گلاسگو میں ہر طبقہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں جمع ہوکر27اکتوبر 1947کو بھارتی افواج کے زبردستی مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کی پُرزور مذمت کی اور پُرجوش نعرے لگائے۔ تحریک کشمیر اسکاٹ لینڈ کے صدر محمد حنیف راجہ، سیکرٹری سید طفیل حسین شاہ اور ڈاکٹر جاوید گل نے کہا کہ بھارت کی دس لاکھ افواج مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ سے زیادہ نہتے کشمیریوں کو صرف اپنا حق خود ارادیت مانگنے کی پاداش میں شہید کرچکی ہے لیکن کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو قطعی طور پر سرد نہیں کرسکی۔ سیاسی جماعتوں کے رہنما مرزا امین، چوہدری عبدالمجید، رانا عاصم اور سید خورشید بخاری نے شرکا سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقے کے ممبران پارلیمنٹ، کونسلرز اور ٹریڈ یونین رہنماؤں کو ای میلز بھیج کر یا ملاقاتیں کرکے ان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں۔ ڈاکٹر ادریس، محمد شعیب، خورشید خان اور سید ثقلین شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی غیر موثر پالیسیاں اور مسلم دنیا کے رہنماؤں کی بے حسی کے باجوود آزادی اور ظلم و ستم کے خلاف بغاوت کی ایک لازوال تاریخ مرتب کررہے ہیں۔