کوئٹہ (آن لائن) ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل بلوچستان کا اجلاس صدر انور ساجدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اخبارات کو درپیش مسائل پر غور و خوض کیا گیا، اجلاس میں کہا گیا کہ سہ ماہی بجٹ جلد ختم ہو جانے کی وجہ سے اخبارات کو بلوں کی بروقت اور باقاعدہ ادائیگی نہیں ہورہی جس کی وجہ سے بلوچستان کی اخباری صنعت سخت مشکلات کا شکار ہے لہذا ان ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں، اجلاس میں اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا، میرٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے مختص بجٹ جلد ختم ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے باقاعدہ شائع ہونے والے اخبارات کو مشکلات کا شکار ہونا پڑ رہا ہے۔ اجلاس میں روزنامہ انتخاب کے انور ساجدی، روز نامہ ہمت کے نادر حسین زمرد، روزنامہ جنگ کے سید خلیل الرحمٰن، روزنامہ سینچری ایکسپریس کے رضا الرحمٰن، روزنامہ باخبر کے گلریز خان، روزنامہ بلوچستان نیوز کے انور ناصر، روزنامہ 92نیوز کے خلیل احمد اورروزنامہ آزادی کے طارق بلوچ نے شرکت کی ۔