کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ایک سرکلر کے مطابق اب سے سابق میونسپل حدود کے 58 وارڈوں کے اندر تمام ڈیری فارمز اور کیٹل فارمز کے کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کوئٹہ کے شہری علاقوں میں کسی نئے مویشی یا ڈیری فارم کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں عدالتی احکامات کے باوجود پچھلے 2 سال میں قائم ایسے تمام فارموں کی منتقلی کے لئے 15 دن کی مہلت دی گئی ہے، جس کے بعد ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، پولیس اورایم سی کیو کو اس طرح کے تمام فارموں کو رعایتی مدت ختم ہونے کے بعد سیل کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ محکموں کی ایک مشترکہ ٹیم ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ کی نگرانی میں تشکیل دی جائے گی جو سروے کرکے ایسے تمام فارمز کو سیل کرے گی جو میونسپل کارپوریشن کی قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہوں یا عوامی پریشانی کا باعث ہوں۔