اسلام آباد (صالح ظافر) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعاون کی حد آسمان ہے۔ ترکیہ کے 101ویں قومی دن کی مناسبت سے مقامی ہوٹل میں استقبالیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں برادر ممالک کی قیادت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سینیٹر اسحاق ڈار تھے جنہوں نے کیک کاٹا۔ پاکستان میں ترکیہ کے نئے سفیر عرفان نیزیروگلو کا یہ پہلا عوامی استقبال تھا۔ ان کی تقرری پر مہمانوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ترکیہ کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے انقرہ میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ترکی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔