کراچی(اسٹاف رپورٹر)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی، کنٹینیونگ میڈیکل ایجوکیشن (سی ایم ای) اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے سرجیکل ڈیپارٹمنٹ یونٹ 4اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے تعاون سے حال ہی میں جے ایس ایم یو کیمپس میں چھاتی کے کینسر کی آگاہی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس کا مقصد پاکستانی خواتین میں بریسٹ کینسر کی بلند شرح سے آگاہی پیدا کرنا تھا، جو دنیا بھر میں 9 میں سے 1 خاتون کو متاثر کرتا ہے۔جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ میں جلد تشخیص اور آگاہی انتہائی اہم ہیں، اس کانفرنس کے ذریعے، ہم خواتین کو یہ علم اور اوزار فراہم کرنا چاہتے ہیں کہ وہ خود اپنا معائنہ کریں اور بروقت طبی مدد حاصل کریں، جس سے علاج کے نتائج اور زندگی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔کانفرنس میں بریسٹ کینسر کے خطرے کے عوامل پر تعلیمی سیشن شامل تھے، ساتھ ہی بریسٹ کینسر اسکریننگ پروگرامز اور جلد تشخیص کے فوائد پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ تقریب کی مہمان خصوصی ڈاکٹر صائمہ ظہور نے شرکاء کو ماہانہ بنیاد پر خود سے چھاتی کا معائنہ کرنے کی ترغیب دی ۔