کراچی (اعجاز احمد/اسٹاف رپورٹر) ایمپلائز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی)نے ایک نادہندہ کمپنی کو2کروڑ 64لاکھ روپے سے زائد کا قرقی وارنٹ جاری کر دیا۔ذرائع کے مطابق ای او بی آئی نے کراچی کے ایک میڈیا گروپ کو ان کے بیمہ دار افراد کی مد میں واجب الادا کنٹری بیوشن کی برس کی نادہندگی پر 26,447,703روپے کا منقولہ جائیداد کی قرقی کا وارنٹ جاری کردیا۔ ای او بی آئی کے سابق افسر تعلقات عامہ اسرار ایوبی نے بتایا کہ ریجنل ہیڈ کراچی سنٹرل حامد علی خان نے 29 اکتوبر 2024ء کو لینڈ ریونیو ایکٹ مجریہ 1967ء کی دفعہ 83کے تحت اسسٹنٹ کلکٹر درجہ اول کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے مذکورہ میڈیا گروپ کو ان کی منقولہ جائیداد کی قرقی کے وارنٹ جاری کئے ہیں، وارنٹ میں یکم ستمبر 2020ءتا 31جولائی 2024 ء کی مدت کے اصل واجب الادا کنٹری بیوشن کی رقم 19,970,880روپے اور نادہندگی جرمانے کی رقم 6,476,823 روپے شامل ہیں، جس کی کل رقم 26,447,703 روپے بنتی ہے۔