کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی میں جمعہ کو طلبہ اور ان کے عزیز و اقارب کا جم غفیر جمع ہو گیا اور صورتحال کو کنٹرول کرنا مشکل ہو گیا۔ ادارے کی تحقیقاتی افسر انسپکٹر عارفہ حبیب نے میڈیکل کالجز میں داخلے کے خواہشمند طلبہ جنہوں نے ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ دیا تھا اور اس میں پیپر لیک اؤٹ ہونے کے بعد عدالتی احکامات کو جواز بناتے ہوئے انکوائری نمبر 2279/24 شروع کی۔ جمعہ کو 150طلبہ کو اپنے بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے ایک ساتھ طلب کر لیا جس کے بعد عجیب صورتحال پیدا ہو گئی کیونکہ گراؤنڈ فلور پر بیٹھنے کے اتنی جگہ موجود ہی نہیں تھی۔ ڈرے سہمے بچوں کے ساتھ ان کے والدین اور عزیز و اقارب بھی ساتھ آئے تھے جس کی وجہ سے بلڈنگ کے اندر اور بلڈنگ کے باہر بھی مجمع لگ گیا۔ طلبہ انتہائی خوفزدہ تھے مگر بعد میں کچھ طلبہ کے بیان لیے گئے اور بیشتر کو "معاملات" سلجھ جانے کے بعد جانے دیا گیا۔