اسلام آباد (اسرار خان) ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے دی نیوز کو انکشاف کیا کہ پاکستان کی حکومت کراچی انڈسٹریل پارک (کے آئی پی) چین کے حوالے کر کے اپنے اسپیشل اکنامک زونز (ایس ای زیڈز) کو بحال کرنے کی حکمت عملی تیار کر رہی ہے جو کہ غیر فعال پاکستان اسٹیل ملز کی زمین پر تیار کیا جا رہا ہے۔ کے آئی پی چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) فریم ورک کے تحت قائم کیے گئے نو ایس ای زیڈز میں سے ایک ہے۔ 1500 ایکڑ پر محیط کے آئی پی اسٹیل ملز کی زمین پر تیار کیا جائے گا جو تقریباً 19 ہزار ایکڑ ہے۔ وفاقی حکومت اسٹیل مل کے موجودہ ڈھانچے کو ختم کرنے پر غور کر رہی ہے، جبکہ سندھ حکومت کو اسی جگہ پر ایک نئی جدید ترین سٹیل مل قائم کرنے کے لیے 700 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے۔ حکام نے کہا کہ چینی ہاتھوں میں منتقلی پاکستان کے ایس ای زیڈز کو بین الاقوامی معیارات اور طریقوں کو مربوط کرکے سرمایہ کاروں کے لیے مزید پرکشش بنانے کی ایک مثال قائم کرے گی۔