اسلام آباد(نمائندہ جنگ)چیف جسٹس نے قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے بھیجے گئے ریسرچرز کو واپس بلالیا ۔ ظفر اقبال، حسن ریاض ،وقاص علی جسٹس منصور علی شاہ کی ٹیم کا حصہ تھے،فائز عیسی نے خدمات ہائیکورٹ کو واپس کی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان ،مسٹر جسٹس یحیٰ آفریدی نے سپریم کورٹ کے ریسرچ سیل کے لئے، پنجاب میں تعینات تین جوڈیشل افسران ظفر اقبال، حسن ریاض اور وقاص علی مظہر کی خدمات طلب کرلی ہیں ،سابق چیف جسٹس فائز عیسی نے ڈیپوٹیشن کی مدت مکمل ہونے کے بعد تینوں کی خدمات لاہور ہائی کورٹ کو اس وقت واپس کی تھیں جب یہ تینوں بطورریسرچرز سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ،جسٹس سید منصور علی شاہ کی ٹیم کا حصہ تھے، ہفتہ کے روز اس حوالہ سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کا حکم دیا گیا ،یاد رہے کہ مذکورہ بالا افسران کی دوبارہ تعیناتیاں تین سال کے لئے ڈیپوٹیشن پر کی گئی ہیں۔