راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) ہم علمائے حق کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، مولانا سمیع الحق نے ہمیشہ اسلام، علماء اور مدارس کی نمائندگی کا حق ادا کیا اسی وجہ سے سامراجی قوتیں ان کو برداشت نہیں کرسکیں، ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام پاکستان (س) کے امیر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارلعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں مولانا سمیع الحق کے چھٹے یوم شہادت کی مناسبت سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مولانا سمیع الحق کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی ملی، سیاسی، دینی، علمی، تصنیفی خدمات کو سراہا۔ مولانا حامد الحق نے کہاکہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں اورنظریہ پاکستان کی حفاظت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ مولانا حامد الحق نے فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے دردناک مظالم کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور مدد کے لئے اٹھ کھڑی ہو۔ اجتماع سے سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق ساری زندگی مظلوم مسلمانوں کی توانا آواز رہے۔ وہ اتحاد بین المسلمین کے داعی رہے۔ کانفرنس سے دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم اور وفاق المدارس کے نائب صدر مولانا انوار الحق حقانی، عبداللہ حمید گل، افغان قونصلر جنرل حافظ محب اللہ، مفتی نجیب اللہ فاروقی، علامہ امداد اللہ، مولانا عبدالحلیم دیربابا جی، مولانا سید یوسف شاہ اور دیگر نے خطاب کیا۔