• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبہ ہزارہ تحریک نے ہزارہ صوبہ کیلئے عوامی رابطہ مہم کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) صوبہ ہزارہ تحریک نے ہزارہ صوبہ کے لئے عوامی رابطہ مہم کا اعلان کر دیا۔ کوہستان سے لے کراچی تک جلسے، جلوس اور احتجاج کئے جائیں گے۔ اس بات کا فیصلہ چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف کی صدارت میں حویلیاں میں صوبہ ہزارہ تحریک کی سپریم کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ جس کی میزبانی سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کی۔ اجلاس میں سابق ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر، سابق وفاقی وزیر سید قاسم شاہ، ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ جدون، اعجاز علی خان درانی، مرکزی کوآرڈنیٹر پروفیسر سجاد قمر، عبدالرزاق عباسی، ممبر صوبائی اسمبلی سردار شاہ جہان یوسف، سردار اورنگزیب، قاضی اسد، آمنہ سردار، نرگس بی بی، سردار گوہر زمان اور دیگر نے شرکت کی۔ سردار محمد یوسف نے مشترکہ اعلامیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ کی تحریک تیسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ ہم مرحلہ وار کوہستان سے کراچی تک جلسے، جلوس اور کانفرنسز منعقد کریں گے۔ حکمران اتحاد اور اپوزیشن سمیت تمام قومی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات کریں گے اور ان کو ہزارہ کے عوام سے کیا ہوا وعدہ یاد کروائیں گے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن ہم ہزارہ صوبہ کے لئے ایک ہیں اور متحد ہو کر یہ جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبے وقت کی ضرورت ہیں اور ہم لسانی یا نسلی بنیاد پر نہیں بلکہ انتظامی سطح پر صوبوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اب یہ معاملہ قومی سطح پر لایا جائے اور ہم اس کی حمایت کریں گے۔ اعجاز علی خان درانی نے کہا کہ بجلی ہم دے رہے ہیں اور پیسے کوئی اور لے رہا ہے۔ ہم اب اپنا حق چھین کے لیں گے۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ ہزارہ کے عوام کا حق ہے کہ ان کو صوبہ دیا جائے۔
اسلام آباد سے مزید