کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور سنجے کمار ، مرکزی رہنما سید اقبال شاہ اور سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کی پاکستان اور بلوچستان کے لئے خدمات قابل قدر ہیں ،امید ہے کہ ترقی کے سفر میں سب اپنا اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے،پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حقوق کے لئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے ،1973 کے آئین میں اقلیتوں کو مساوی حقوق فراہم کرنا کا سہرا بھی پارٹی کے سر جاتا ہے ، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پارٹی کے میڈیا سیل میں دیوالی کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کہی ۔ تقریب میں ملک ذیشان حسین ، ربانی خلجی ، ندیم خان ، جبار خلجی ، نعمت لالا ، ولی محمد وردگ ، رحمت اللہ کدیزئی ، عبدالغفور جعفر ، رفیق سجاد ، صغیر کھرل سمیت دیگر موجود تھے ۔ اس موقع پر دیوالی کا کیک بھی کاٹا گیا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان میں اقلیتوں کو تحفظ اور معاشرے میں باعزت مقام حاصل ہے، پاکستان اور بلوچستان کو امن و بھائی چارے کا گہوارہ بنانے کے لئے تمام مذاہب کے لوگوں کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کی بہتری ، ترقی اور خوشحالی کے لئے اقدامات کئے ، صوبے میں پارٹی کی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔