اسلام آباد(نمائندہ جنگ)26ویں آئینی ترمیم پر فل کورٹ بنچ کے لیے سپریم کورٹ کے 2 سینئر ججز نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی میں شامل جسٹس منصور شاہ اور جسٹس منیب نے خط لکھ کر ججز کمیٹی کے فیصلے کے مطابق 26 ویں ترمیم کا کیس فل کورٹ میں لگانے کا کہا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 31 اکتوبر کی کمیٹی میٹنگ میں 26 ویں ترمیم کا کیس فل کورٹ میں لگانے کا فیصلہ کیا گیا مگر کمیٹی فیصلے کے باوجود کوئی کاز لسٹ جاری نہیں ہوئی۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 2 ججز نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ 26 ویں ترمیم کے خلاف کیس 4 نومبر کو فل کورٹ سنے گی اور 2 رکنی ججز کمیٹی کا فیصلہ اب بھی برقرار ہے۔