• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالائی سندھ طاس میں ماحولیاتی توازن کی ذمہ داری بھارت پر ہے، عباسی

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ممتاز ماہر پانی و توانائی انجینئر ارشد ایچ عباسی نے کہا ہے کہ دریائے سندھ، چناب اور جہلم کے آبی علاقوں سمیت بالائی سندھ طاس میں پائیدار ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کی ذمہ داری بھارتی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ دی نیوز سے بات کرتے ہوئے عباسی نے کہا کہ انہوں نے وزارت آبی وسائل اور حکومت پاکستان کی وزارت خارجہ کو اس حوالے سے تفصیلی خط بھیجا ہے۔ بھارت نے رواں سال 30 اگست کو پاکستان کو دوسرا نوٹس جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ معاہدے پر دوبارہ مذاکرات ہونے تک انڈس کمیشن کے مزید اجلاس نہیں ہوں گے۔ نوٹس میں خاص طور پر ماحولیاتی مسائل اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اہم خدشات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اپنے خط میں عباسی نے ایک ایسے ملک کے تضاد کی نشاندہی کی جو گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں تیسرے نمبر پر ہے جس نے موسمیاتی تبدیلی کے بہانے معاہدے پر بات چیت کے لیے نوٹس بھیجا۔ بنیادی گرین ہاؤس گیسوں میں کاربن ڈائی آکسائیڈ (CO2)، میتھین (CH4)، اور نائٹرس آکسائیڈ (N2O) شامل ہیں۔ نوٹس جاری کرنے کے باوجود بھارت دو اہم ڈیموں کی تعمیر کے لیے آگے بڑھ رہا ہے: 550 فٹ اونچا، 1000 میگاواٹ کا پکال دول ڈیم اور بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں دریائے چناب پر 490 فٹ اونچا، 624 میگاواٹ کا کیرو ڈیم۔ دونوں منصوبے مکمل ہونے والے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید