اسلام آباد( رانا غلام قادر ) وفاقی حکومت نے تمام عارضی نوعیت کی تخلیق کردہ ( Contigency Staff) پو سٹوں کو فوری طور پر ختم کردیا ہے۔فنا نس ڈویژن نے تمام وزارتوں اور ڈویژ نوں کو بھیجے گئے آفس میمو ر نڈم میں وفاقی کا بینہ کے 27اگست 2024کے فیصلہ کا حوالہ دیا ہے جس کا سرکلر کابینہ ڈویژن نے تین ستمبر کو بھیجا تھا۔ کابینہ ڈویژن نے اپنے سرکلر میں ہدایت کی تھی کہ تمام عار ضی نوعیت کی آسامیوں کو ختم کردیا جا ئے۔فنا نس ڈویژن نے اب چار نومبر 2024کو ایک آفس میمو ر نڈم تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کابینہ ڈویژن کے مذکورہ بالا فیصلے اور ہدایت پر عمل درآ مد کو یقینی بنا یا جا ئے۔ یاد رہے کہ سر کاری محکموں میں چوکیدار ‘ مالی ‘ سیکورٹی گارڈز ‘ نائب قاصد ‘ سمیت متعدد پوسٹیں عارضی طور پرتخلیق کی جا تی ہیں اور ان پر بھرتیوں معمول کی بات ہے ۔ قبل ازیں سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت ایک آفس میمو رنڈم کے ذریعے گزشتہ ماہ تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو ہدایت کی تھی کہ جنرل اورنان کور سروسز ( صفائی ‘ پلمبنگ اور باغبانی وغیرہ ) کو آؤٹ سورس کردیں ۔ یہ ہدایت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے بھیجے گئے ایک آفس میمو رنڈم میں دی گئی ہے۔ اس او ایم میں وفاقی کابینہ کے 27اگست 2024کے فیصلہ کا حوالہ دیاگیا تھا۔اس اجلاس میں کابینہ نے رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی تھی۔ اس میں ایک فیصلہ یہ بھی تھا کہ جنرل اور نان کور سروسز ( صفائی ۔ پلمبنگ اور با غبانی وغیرہ ) کو آؤٹ سورس کردیا جا ئے۔کابینہ ڈویژن نے تین ستمبر 2024کے میمو ر نڈم میں تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سے کہا کہ کابینہ کے مذکورہ فیصلے پر عمل درآ مد تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کی ذمہ داری ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اپنے میمو رنڈم میں تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی وزارتوں اور اپنے وزارت یا ڈویژن کے زیر انتظام محکموں میں کا بینہ کے اس فیصلہ پر عملدرآ مد کو یقینی بنائیں۔