کراچی (ٹی وی رپورٹ) ’’یو ایس الیکشن 2024‘‘ کاملہ جیتیں یا ٹرمپ امریکہ سمیت دنیا کے لیے کتنی بڑی تبدیلی ہوگی اس پر جیو خصوصی نشریات میں میزبان محمد جنید سےگفتگو کرتے ہوئے عالمی اُمور کے تجزیہ کار اور کنٹرولر جیو نیوز نسیم حیدر ،امریکی صدر جو بائیڈن کے مشیرشاہد خان،تنویر احمد،پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ سلیمان لالانی اور واشنگٹن ڈی سی سے جیو نیوز کے نمائندے واجد علی نے کہا ہے کہ دیکھنا ہوگا کہ عوام کس کی پالیسی اور منشور کو ترجیح دیتی ہے،پاکستانی کمیونٹی کی تعداد صرف چھ لاکھ ہے وہ بحث کریں گے مظاہرے کرینگے لیکن ووٹ دینے نہیں نکلیں گے،سروے کے مطابق چالیس فیصد لوگ معیشت پر، سینتیس فیصد لوگ بارڈر سیکورٹی میں دلچسپی رکھتے تھے،امریکہ میں جو بھی انتخابات ہوں عام طور پر ہر انتخاب پرامن رہتا ہے کہیں کوئی ہنگامے کی خبر سننے کو نہیں ملتی،عالمی اُمور کے تجزیہ کار اور کنٹرولر جیو نیوز نسیم حیدر نے کہا کہ ایک فیصد مسلمان ہیں اور پورے امریکہ میں پھیلے ہوئے ہیں جب کہ پاکستانی کمیونٹی کی تعداد صرف چھ لاکھ ہے لیکن سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ وہ بحث کریں گے مظاہرے کریں گے لیکن ووٹ دینے نہیں نکلیں گے اسی طرح وہاں سب منقسم بھی ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن کے مشیرشاہد خان نے کہا کہ دونوں صدارتی امیدواروں کے مختلف منشور ہیں اب دیکھنا یہ ہوگا کہ عوام کس کی پالیسز اور منشور کو ترجیح دیتی ہے۔