اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر اویس لغاری نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ صورتحال برقرار رہی تو آئندہ 10سال تک بجلی کی قیمتیں بڑھتی رہیں گی اور آئندہ10سال میں بجلی کی قیمت مزید ناقابل برداشت ہوسکتی ہے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ طلب 10سال تک سالانہ 2.8 فیصد بڑھنے کے باوجود بجلی ٹیرف میں اضافے کا رجحان رہے گا۔ وفاقی وزیر نے مستقبل کے درآمدی بجلی منصوبے کاسا کو مہنگا قرار دیتے ہوئے کہا کہ دعا کریں افغانستان میں کاسا کا انفرااسٹرکچر نہ لگ سکے ورنہ کاسا منصوبے کی مہنگی بجلی کی قیمت کون ادا کرے گا؟ ہم آئی پی پیز معاہدوں میں کچھ نہیں کرسکتے تھے مگر آئی پی پیز مالکان کی مہربانی ہے کہ انہوں نے اپنا منافع قربان کیا۔ اویس لغاری نے ملک میں سولر نیٹ میٹرنگ کی رفتار کم کرنے کیلئے ریگولیشن اور پرائسنگ میکینزم میں تبدیلی ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کے الیکٹرک کی طرح ڈسکوز کو بھی سبسڈی دینا ہے تو ان کمپنیوں کی نجکاری کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ڈسکوز کی نجکاری کو بہت باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں۔