• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس پائپ لائن معاملہ باہمی گفتگو سے حل کرنا چاہتے ہیں، سید عباس عراقچی

اسلام آباد(رپورٹ حنیف خالد)ایرانی وزیرخارجہ ڈاکٹر سید عباس عراقچی نے کہا ہے ایران پاکستان کےساتھ گیس پائپ لائن کا معاملہ مذاکرات کی میز پر بات چیت کے ذریعے طے کرنے کا خواہاں ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ اس منصوبے کی راہ میں رکاوٹ کونسا ملک ڈال رہا ہے۔ اسلامی امہ اور عرب لیگ کا آئندہ ہفتے لبنان،غزہ میں امن کے بارے میں جو اجلاس سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 11نومبر کو ہونے والا ہے اس میں اس خطے کو جنگ سے بچانے کے حوالے سے حکمت عملی کے بارے میں مسلم و عرب قائدین کو سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔ غزہ میں اسرائیل 50ہزار سے زائد فلسطینیوں اور تین ہزار سے زائد لبنانی باشندوں کو شہید کرچکا ہے۔ اتنی بڑی شہادتوں کو دنیا نسل کشی کے سوا کیا نام دے سکتی ہے۔ غزہ لبنان میں ہسپتالوں،سکولوں اور پناہ گاہوں پر صیہونی روز بمباری کر کے اوسطاً ایک سو سے زیادہ عورتیں بچے بڑے شہید کرتے چلے آ رہے ہیں۔ وہاؒں پر کون سے جنگی جرائم ہیں جو اسرائیل امریکہ،برطانیہ کے بل بوتے پر ارتکاب کرتے نہیں رہے۔ ڈاکٹر سید عباس عراقچی منگل کو اپنے انتہائی اہم دورے کے اختتام پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی طرف سے سفارتخانہ ایران میں دیئے گئے عشائیے کے شرکا سے خطاب اور ان کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ کے اعزاز میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی طرف سے دیئے گئے عشائیے کا ماحول بے حد جذباتی ہوگیا اور پاکستانی مہمانوں نے بھی ایرانی وزیر خارجہ کے جذبات کی تائید کی۔
اہم خبریں سے مزید