کراچی(اسٹاف رپورٹر) سائٹ ایریا میں گارڈ نے تلخ کلامی اور مبینہ جھگڑے کے بعد فائرنگ کرکے 2غیر ملکی شہریوں کو شدید زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ اے تھانے کی حدود حبیب بینک چورنگی کے قریب واقع نجی ٹیکسٹائل مل میں نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ نے تلخ کلامی اور مبینہ جھگڑے کے بعد فائرنگ کرکے 2 غیر ملکی شہریوں کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہوگیا جسکی سی سی ٹی وی تصویر سامنے آئی ہے۔پولیس کے مطابق شدید زخمی غیر ملکیوں شہریوں کو فوری طور پر اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا دیا گیا جہاں ایک شدید زخمی غیر ملکی شہری کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔واقعہ کی اطلاع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت اعلیٰ پولیس افسران موقع پر پہنچے جبکہ واقعہ کے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کیا گیا۔پولیس نے ٹیکسٹائل مل سے 4 سیکیورٹی سپروائزر اور سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا۔ پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔فائرنگ کرکے فرار ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کا نام شریف معلوم ہوا ہے۔ سیکیورٹی گارڈ بھاوانی چالی کا رہائشی اور اس کا آبائی تعلق چمن سے ہے۔ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ نجی ٹیکسٹائل مل میں کام کرنے والے غیر ملکیوں شہریوں کو سندھ پروٹیکشن یونٹ اور سندھ رینجرز کی نگرانی میں ڈیفنس سے سائٹ ایریا لایا جاتا ہے۔ منگل کی صبح بھی وہ اپنے معمول کے مطابق 8 بج کر 2 منٹ پر ٹیکسٹائل پہنچے ہیں اور ٹیکساٹل مل میں چیکنگ کا نظام دیکھنے پر معلوم ہوا کہ ایس پی یو، سندھ رینجرز اور مقامی پولیس نے اسکواڈ کرکے غیر ملکیوں کو ٹیکسٹائل مل کے اندر تک چھوڑا۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل مل کے اندر کی سیکیورٹی کی ذمہ داری ٹیکسٹائل مل کی ہوتی ہے۔نجی ٹیکسٹال مل میں 2 طرح کی سیکیورٹی ہے ایک ٹیکسٹائل مل کی اپنی سیکیورٹی ہے جبکہ دوسری پرائیویٹ سیکیورٹی کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث سیکیورٹی گارڈ کی رہائش معلوم ہوگئی ہے اور اس کے آس پاس کے رہائشیوں سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ پولیس واقعہ کے محرکات جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔ ٹیکسٹائل مل میں جس جگہ واقعہ رونما ہوا وہاں سی سی ٹی وی کیمرے نہیں ہیں لیکن عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ تلخ کلامی اور جھگڑے کے بعد پیش آیا جس کی مزید تصدیق کی جا رہی ہے۔