اسلام آباد (اے پی پی ) وفاقی کابینہ نے کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی بجٹ، بحری جہازوں کی درجہ بندی کی سرٹیفیکیشن کی منظوری دے دی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے بورڈ میں بطور پرائیوٹ ممبران تقرری کی بھی منظوری دے دی گئی۔ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی سفارش پر جموں و کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی بجٹ برائے مالی سال 2024-25کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر بحری جہازوں کی درجہ بندی کی سرٹیفیکیشن کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پورٹس اینڈ شپنگز ، کراچی اور بحریہ کلاسیفیکیشن سوسائٹی کے درمیان معاہدے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے وزارت منصوبہ بندی کی سفارش پر سعید اقبال، معظم احمد، مدیحہ خالد، عثمان حیدر اور محمد سجاد فاروقی کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے بورڈ میں بطور پرائیوٹ ممبران تقرری کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ و محصولات کی سفارش پر فارن کمرشل فنانسنگ فیسیلٹی کی لندن انٹر بینک آفرڈ ریٹ( LIBOR )سے سکیورڈ اوور نائیٹ فنانسنگ ریٹ( SOFR ) پر منتقلی کے معاہدے کی بعد از وقوع /دستخط توثیق کردی۔