کراچی ( اسٹاف رپورٹر)شرح سود میں کمی اور معاشی اشاریوں میں بہتری کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ،منافع بخش سیکٹرز میں خریداری سے تیزی کا تسلسل برقرار، کے ایس ای100انڈیکس میں 366 پوائنٹس کا اضافہ، پہلی بار 92 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل بھی عبور کر گیا،49.33 فیصدکمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،سرمایہ کاری مالیت میں 49 ارب 30 کروڑ 92 لاکھ روپے کا اضافہ،کاروباری حجم بھی 27.66 فیصد زیادہ رہا، تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف معاہدے کے بعد معاشی اشاریے بہتر ہونے اورشرح سود میں کمی کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ گیا ہے ،اسی وجہ سےمارکیٹ میں مسلسل سرگرمی دیکھنے میں آرہی ہے ، منگل کو بھی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی ریکارڈ کی گئی،ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا لیکن جلد ہی منافع کی خاطر فروخت کا دباؤ بڑھنے سے 100انڈیکس 402 پوائنٹس تک گھٹ گیا لیکن دوسرے ہاف میں صورتحال ایک بار پھر تبدیل ہو ئی اور 100انڈیکس 576 پوائنٹس کے اضافے سے 92 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل بھی عبور ہو گیا۔