غزہ،بیروت (اے ایف پی، جنگ نیوز) اسرائیلی طیاروں اور زمینی افواج نے غزہ ، لبنان ، شام اور مقبوضہ مغربی کنارے پر ایک بار پھر بم برسادیئے ، درجنوں افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ، غزہ میں صیہونی فورسز کےطیاروں کی بمباری میں 54فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے، شام اور لبنان کی سرحد کے قریب بھی بمباری، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بلڈوزر اور ٹینکوں نے رہائشی مکان گرانا شروع کردیئے ، اس دوران 7فلسطینیوں کو بھی شہید کردیا گیا ، طولکر م اور نورالشمس میں متعدد مکان گرادیئے گئے ، مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں 7مکان تباہ کئے گئے ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے وزیر جنگ یوو گیلنٹ کو برطرف کردیا ہے جبکہ ان کی جگہ وزیرخارجہ اسرائیل کاٹز کو نیا وزیر نامزد کردیا ہے، مصر کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے اقوام متحدہ میں فلسطینی امداد ایجنسی اونرا پر پابندی ناقابل قبول ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی افواج نے شمالی غزہ کے آخری جزوی فعال اسپتال کمال عدوان پر دوسرے روز بھی حملے جاری رکھے جس کے نتیجے میں طبی عملے کے افراد اور شیر خواروں سمیت متعدد مریض زخمی ہوگئے۔لبنان کے مختلف علاقوں پر بمباری میں بھی متعددافراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں ۔ لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 37علاقے مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جہاں 40ہزار کے قریب رہائشی عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں ۔