• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ کا اجلاس، حج پالیسی 2025 کی منظوری دیدی

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر حج پالیسی 2025کی منظوری دے دی ۔ منگل کو وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ منظوری وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کےاجلاس میں دی گئی جو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ سال 2025 میں پاکستان کا حج کوٹہ 210 , 179 ہو گا جسے حکومت پاکستان اور نجی شعبے میں 50:50 کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا۔ حج پالیسی کے تحت 12 سال سے کم عمر بچوں کو اس سال حج کے حوالے سے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ حکومتی کوٹے کے حوالے سے کمپیوٹرآئزڈ بیلیٹنگ کی جائے گی۔ 1000 نشتیں ہارڈ شپ کیسز کے لئے مختص ہوں گی۔ 300 نشستیں مزدوروں یا کم آمدنی والے ملازمین، جو کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ یا ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوٹ سے رجسٹر ہوں گے، کے لئے مقرر کی گئی ہیں ۔ روڈ ٹو مکہ کی سہولت اسلام آباد اور کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر دستیاب ہو گی۔حج گروپ آرگنائزرز وزارت مذہبی امور کے ساتھ سروس پرووائیڈر معاہدے پر دستخط کریں گے اور خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ان آرگنائزرز کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ حجاج کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی نگرانی کے حوالے سے اس مرتبہ ناظم کا نیا عہدہ قائم کیا گیا ہے۔ ہر 100 حجاج کے لیے ایک ناظم مقرر ہو گا۔ ان ناظمین کا انتخاب ویلفیئر اسٹاف میں سے ہی کیا جائے گا۔کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ دوارن حج انتقال اور زخمی ہونے والوں کے لئے معاوضہ بڑھایا گیا ہے۔ انتقال کرنے والے حجاج کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ حجاج کی سہولت کے لئے ایک خصوصی حج مینجمنٹ ایپلی کیشن بنائی گئی ہے اور حجاج کی تربیت کے حوالے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔وفاقی کابینہ نے حج بیلٹنگ میں ایسے افراد کو ترجیح دینے کی ہدایت کی جو پہلی مرتبہ حج کی ادائیگی کریں گے ۔
اہم خبریں سے مزید