کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے آزاد جموں کشمیر کے وزیر اطلاعات مظہر سعید شاہ نے کراچی میں ان کے دفتر میں ملاقات کی،دونوں وزراء نے قومی مسائل ، آزاد جموں و کشمیر اور سندھ کے معاملات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا، آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات مظہر سعید شاہ کے ساتھ مولانا اعجاز محمود، ملک آصف رضا ، حسن عاصم ، محمد ارقم شاہ اور ولی اللہ پر مشتمل وفد نے بھی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے وفد کو پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ کی جانب سے صحافیوں کے لئے کئے گئے اقدامات سے متعلق آگہی دی ، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی محض ایک اصول نہیں ہے, جمہوریت کا بنیادی جز ہے، میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے بلا خوف و خطر آزادی سے کام کرنے والے ماحول کی فراہمی حکومت سندھ کا عزم ہے، ایک متحرک، آزاد میڈیا ایک شفاف اور جوابدہ حکومت کے لیے بہت ضروری ہے۔