کراچی( اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ میونسپل ٹیکس کا سارا پیسہ اس شہر کا پیسہ ہے کسی کی جیب میں نہیں جانے دیں گے اس سال صوبائی ترقیاتی پروگرام کی مد میں سندھ حکومت سے مزید دس ارب روپے ملیں گے جن سےکراچی کے گلی محلوں اور سڑکوں پرکام ہوگا،بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مالی طور پر اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے دلیرانہ اور سخت فیصلے کیے جن کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں، کے الیکٹرک کے ذریعے میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس کی ایک ماہ کی آمدنی 22کروڑ 80لاکھ روپے کا چیک مل گیا ہے، ایک سال کے اندر کے ایم سی میونسپل ٹیکس کی مد میں 3ارب روپے اکٹھا کرسکے گی کے ایم سی کو میونسپل ٹیکس کی وصولی سے روکنے والوں سے یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہوں کہ گزشتہ تین سال میں ان کے منفی پروپیگنڈے کے سبب کے ایم سی کو ہونے والے دس ارب روپے کے نقصان کا کون جواب دے گا۔