راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) باخبر ذرائع کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سےنکمے، نااہل اور کرپٹ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کرنے پر کسی محکمے کی طرف سے ابھی تک رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی ۔ 23اکتوبر کواسسٹنٹ کمشنر (جنرل)راولپنڈی ڈویژن نےتمام ڈپٹی کمشنرز،آرڈی اے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز،فوڈ اتھارٹی، اوقاف، ایکسائز، سرکاری ہسپتالوں سمیت52مختلف سرکاری محکموں کو مراسلہ بھجوایا تھاجس میں ڈیٹا طلب کیا گیا تھا۔مراسلہ 22اکتوبرکو ڈویژنل کوارڈنیشن کمیٹی کی ہدایت کے بعد بھجوایا گیا تھا۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے اعلان کیا تھا ایسے اہلکار یا افسران جو عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تنگ کرنے اور معمولی فائدے کے لئے ادارے کا نام بدنام کرنے کا باعث بن رہے ہیں کیخلاف دو ہفتوں میں سخت ایکشن لیاجائے گا۔ چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف ایویلوایشن، فیڈ بیک، انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈئر (ر)بابر علاؤالدین نےبھی دورہ راولپنڈی میں کہا تھاکہ تمام محکموں میں کرپٹ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔