راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)راولپنڈی ڈویژن کی چار تحصیلوں پنڈ دادنخان، کھیوڑہ، کلرکہار، چوا سیداں شاہ کا صفائی نظام آؤٹ سورس کرنے کیلئے یکم جنوری2025کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے جبکہ 17تحصیلوں میں آوٹ سورسنگ مکمل ہوچکی ہے جہاں صفائی نظام یکم دسمبر سے قبل آپریشنل ہوجائے گا۔اس بات کا اظہارصوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کمشنر آفس راولپنڈی میں ستھرا پنجاب کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ صفائی نظام میں عوام کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئےصاف راولپنڈی کے نام سے ایپ اور 1139 ٹال فری نمبر لانچ کیا گیا ہے۔ عوامی شکایات کے فوری حل کے لئے ٹھیکیدار کو 2 سے 3 گھنٹے کا ٹائم دیا جائے گا۔نئے نظام کے مکمل نفاذ کے بعد شہروں میں گھر گھر سے کوڑا اٹھا کر کنٹینرز میں رکھا جائے گا اور وہاں سے عارضی ٹرانسفر سٹیشن اور پھر مین ڈمپنگ سائٹ لے جایا جائے گا۔