اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) تین ماہ پہلے پنجاب سندھ خیبرپختونخوا بلوچستان میں چینی کے ایکس مل ریٹ 135روپے کلو تھے لیکن 7نومبر جمعرات کو شوگر مارکیٹ میں چینی کے ریٹ مسلسل کم ہوتے ہوتے 118روپے فی کلو تک نیچے آگئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے قیمتوں میں کمی کا جو رجحان شروع کیا اس کے مطابق جنوبی پنجاب میں چینی کے ایکس مل ریٹ 118روپے کلو، وسطی پنجاب میں چینی کے ایکس مل ریٹ 122روپے کلو تک ہوگئے۔ لوئر سندھ میں چینی کے ایکس مل ریٹ 119 روپے، اپر سندھ میں چینی کے ایکس مل ریٹ 118 روپے کلو تک نیچے آگئے۔ خیبرپختونخوا میں چینی کے ایکس مل ریٹ 123 روپے کلو تک نیچے آگئے۔ دریں اثناء پاکستان شوگر ڈیلر ایسوسی ایشن کے سینئر ایگزیکٹو ممبر ماجد ملک نے جنگ کو بتایا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں چینی 500 ڈالر فی ٹن تک فروخت ہو رہی ہے جبکہ پاکستان کی شوگر ملوں نے پانچ لاکھ ٹن چینی کی برآمد کا کوٹہ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ کے اجلاس سے منظوری لیکر پانچ لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کا کوٹہ شوگر انڈسٹری کو لیکر دیا تھا وہ ابھی تک سو فیصد چینی برآمد نہیں ہوئی۔ 7 نومبر کو ہونے والے شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس میں جب انڈسٹری کے نمائندوں نے مزید درآمدی کوٹہ برآمد کرنے کا مطالبہ کیا تو وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے واضح الفاظ میں دو ٹوک جواب دیا کہ پہلے پانچ لاکھ ٹن چینی کا برآمدی کوٹہ استعمال کریں اس کے بعد مزید کوٹے کا تقاضا کریں۔ وفاقی وزیر نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ21 نومبر کو کراشنگ سیزن پورے پنجاب سندھ خیبرپختونخوا میں شروع ہوجائے گا جن شوگر ملوں نے کرشنگ شروع نہ کی ان کو ملنے والا برآمدی کوٹہ منسوخ کردیا جائے گا۔