کراچی(عبدالماجد بھٹی)اس بات کے واضع اشارے مل رہے ہیں کہ اگر بھارت پاکستان آکرچیمپئنزٹرافی کھیلنے سے انکار کرتا ہے اور آئی سی سی ہائی برڈ ماڈل کی بات کرتا ہے تو امکان ہے کہ پاکستان چیمپنز ٹرافی کھیلنے سے انکار کرسکتا ہے اور آئی سی سی کو مشکل بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس سلسلے میں قانونی مشاورت بھی لی جارہی ہے۔ حکومت سے محسن نقوی کا مسلسل رابطہ ہے،پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کے معاملے پر حیران کن اور سخت گیر موقف اختیار کرنے کے لئے تیار ہے۔اگر بھارت نے پاکستان آنے سے انکارکیا تو پاکستان ایسا موقف اختیار کرے گا کہ بھارت اور آئی سی سی حکام حیران رہ جائیں گے۔ بھارتی انکار کی صورت میں وہ فیصلہ کیا جائے گا جو 25کروڑ عوام کی ترجمانی کرے گا۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ چئیرمین محسن نقوی اس سلسلے میں وزیر اعظم شہباز شریف، فارن آفس اور اسٹیبلشمنٹ سے مشاورت کے بعد اہم فیصلہ کرنے والے ہیں۔ ان کا موقف ماضی کے چیئرمینوں سے مختلف ہوگا۔ ذرائع کا کہنا کہ آئی سی سی اور بھارتی بورڈ جس طرح میڈیا میں پروپیگنڈا کررہا ہے اس کا جواب جال میں پھنسے بغیر قانونی مشاورت سے کیا جائے گا۔