اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ، پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کیلئے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع کے حوالے سے جلد بڑی پیشرفت متوقع ہے۔
وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح اور ایڈوائزر رائل کورٹ محمد التویجری سے عرب-اسلامک سمٹ کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اقتصادی تعاون کے حوالے سے پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا سعودی وزیر سرمایہ کاری کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل تھا۔