اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ڈنمارک اورجمہوریہ چیک کے وزرائے اعظم سے ملاقاتیں کی ہیں ۔شہباز شریف نے جمہوریہ چیک کی کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی‘ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مستفید ہونے کی دعوت دی ہے ۔ شہباز شریف کی باکو میں عالمی رہنماؤں کے کلائیمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم پیٹر فیالا سے ملاقات ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع بالخصوص اقتصادی ترقی اور مشترکہ علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون پر گفتگو کی جبکہ پاکستان اور جمہوریہ چیک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔