گریٹر مانچسٹر/ بولٹن (ابرار حسین) برطانیہ کے دورے پر آئے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہاہے کہ پاکستان اس وقت انتہائی نازک ترین سیاسی صورتحال سے گزر رہا ہے جس پر اوورسیز پاکستانیوں کو ملک پاکستان کے بہترین سفیر ہونے کی حیثیت سے اپنے وطن کی اقتصادی اور معاشی ترقی کو استحکام دینے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چا ہئے اور بحیثیت برٹش پاکستانی جس طرح وہ اس معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ وہ وطن عزیز کے معاملات سے بھی جڑے ہوئے ہیں اس پر پاکستانی کمیونٹی کا کردار قابل تعریف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ویسٹ کے دورہ کے دوران مختلف مقامات پر پاکستانی کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں بیرون ملک آباد پاکستانیوں کو گھبرانا نہیں چاہئے وہ میری اس بات پر اتفاق کریں کہ پاکستانی قوم بہادر اور محب وطن ہے وہ ہر قسم کے حالات کا سامنا پوری قوت ایمانی سے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور جب کو ئی اوورسیز پاکستانی زندگی کے کسی بھی شعبے میں ترقی اور کامیابی حاصل کرتا ہے تو ہمارا سر فخر سے بلند ہوتا ہے۔ انہوں نے برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل کے حوالے سے کہا کہ والدین کو چاہئے وہ اپنی صلاحتیوں اور مالی استطاعت کو نوجوان نسل کی دینی تعلیم و تربیت پر استعمال کریں تاکہ آنے والے وقتوں میں وہ اپنے ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاری واقعات پر برطانیہ کے پاکستانیوں کی تشویش بجا ہے حکومت کی جانب سے انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترمیم جمہوریت کی توہین ہے کسی کو شک کی بنیاد پر 90روز اپنی تحویل میں رکھنے اور تحویل کی مدت میں اضافہ کرنا ملک میں سول مارشل لاء قائم کرنے کے مترادف ہے جس پر وہ وطن واپس پہنچ کر کو ئی لائحہ عمل اختیار کریں گے کیونکہ ایسا عمل بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ دورے کے دوران مولانا فضل الرحمٰن کی ان جملہ کاوشوں کو ملاقات کرنے والے علمائے کرام اور دیگر سیاسی شخصیات نے سراہا جن سے 2028سے پاکستان کے تمام محکموں کو سودی نظام سے پاک کر دیا جائے گا۔ متعدد شخصیات نے مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی بصیرت کو داد دی کہ ان کی انتھک محنت سے 26ویں ترمیم میں چھپن کی جگہ ستائس شقیں پاس ہوئیں جن میں پانچ شقیں مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے تھیں۔ ادھر مانچسٹر سٹی جامع مسجد کے بانی وسرپرست مفکر اسلام حضرت علامہ ڈاکٹرخالد محمود رحمہ اللہ کی وفات کے بعد پہلی بار مولانا فضل الرحمٰن کی جامعہ اسلامیہ میں جب تشریف آوری ہوئی تو بڑی تعداد میں علمائے کرام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے علامہ خالد محمود کی دینی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی محنت لگن سے تبلیغ و ترویج دین اسلام کہلیے کام کیا اور ان کی دینی خدمات کا احاطہ کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے دینی مشن درس و تدریس کے لئے جان توڑ محنت کی۔ علامہ خالد محمود کی رحلت کے سانحہ ارتحال سے امت مسلمہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے یہ ایسا خلا ہے جو مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے اپنی تقریر و تحریر کے ساتھ میدان مناظرہ میں بھی اسلام کی صداقت دفاع نشرو اشاعت اور تبلیغ کا کام ساری دنیا میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کے مشن کو جاری وساری رکھا جائے ان کی تصانیف اور تقاریر سے استفادہ کر کے اپنی موجود اور آنے والی نسلوں کے عقائد و اعمال کی حفاظت کی جائے، آخر میں مولانا فضل الرحمٰن نے ان کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰٓ مقام اور ان کے مرکز کی رہتی دنیا تک آباد رہنے کی دعا کی۔ علامہ خالد محمود کے جانشین مفتی فیض الرحمٰن نے مولانا فضل الرحمٰن کی آمد پر ان شکریہ ادا کیا۔ دریں اثنا اولڈہم سے ممتاز عالم دین قاری عبدالرشید نے کہا ہے کہ فخر ملت اسلامیہ کے ساتھ گزارے چند لمحات ہمارے لیے سرمایہ حیات ہیں۔ جامعہ اسلامیہ متصل سٹی جامع مسجد مانچسٹر میں قائد جمعیت علمائے اسلام حضرت مولانا فضل الرحمٰن بعد نماز عشاء مختصر وقت کے لیئے تشریف لائے۔ جانشین علامہ خالد محمود رحمہ اللہ مفتی، فیض الرحمٰن زید مجدہ نے اپنے معزز مہمانوں کو قاری عبدالرشید، مولانا محمد منور محمودی، مولانا محمد یونس خان، حافظ مظہر حسین اور دیگر علمائے کرام اور ساتھیوں کے ہمراہ خوش آمدید کہا۔ اس سے پہلے مولانا منور محمودی نے مختصر مگر جامع خطبہ استقبالیہ دیا۔ فخر امت مسلمہ حضرت مولانا فضل الرحمٰن صاحب کے ہمراہ مولانا اسلام علی شاہ، مولانا راشد محمود سومرو، مفتی ابرار حسین، انجینئر ضیاء الرحمٰن، حافظ محمد اکرام اور دیگر مہمانان گرامی موجود تھے۔ اس سے قبل وہ پاکستان قونصل جنرل مانچسٹر بھی گئے جہاں انہوں نے قونصل جنرل طارق وزیر سے ملاقات کی اور ملکی غیر ملکی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازاں وہ لندن کے لئے روانہ ہو گئے جہاں ایک نواحی علاقے میں امیر جمعیت علمائے اسلام لندن مفتی خالد محمود نے مولانا فضل الرحمٰن کے اعزاز میں عشائیہ تقریب بھی منعقد کی جس میں دارالامرا کے معزز پاکستانی اوریجن تاحیات رکن لارڈ قربان حسین ستارہ قائداعظم کے علاوہ پختون کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ معزز مہمان کی لندن آمد پر برطانیہ کی چیدہ چیدہ شخصیات نے انتہائی گرم جوشی کے ساتھ استقبال کیا۔