کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ ہفتے کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ پہلے میچ میں شکست کےبعد یہ گرین شرٹس کے پاس غلطیوں کو سدھارنے اور سیریز میں دلچسپی برقرار رکھنے کا موقع ہے۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہوا تھا اور صرف سات سات اوورز کا کھیل ہو سکا تھا، جس میں آسٹریلیا نے میکسویل کی شاندار اننگز کی بدولت فتح حاصل کی تھی۔ پاکستانی ٹیم جمعے کو سڈنی پہنچی ،کھلاڑیوں نے ہلکی ٹریننگ کی۔ پاکستانی کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ بہترین پلیئنگ الیون تشکیل دینے کیلئے اچھے کھلاڑی تلاش کر رہے ہیں، ٹی 20 اسکواڈ میں صائم ایوب کو شامل نہ کرنے پر انہوں نے کہا کہ ٹیم پہلے منتخب ہوچکی تھی۔ اس لئے انہیں اس سیریز کے لئے روکا نہیں گیا۔ برسبین میں پہلے ٹی20 میچ میں میکسویل نے بڑی اچھی بیٹنگ کی، بولرز نے پوری جان لڑائی ہے، ان پر پورا اعتماد ہے، اس طرح کے میچ میں کسی چیز کی پیشگوئی نہیں کر سکتے، ٹیم میں کمزوریاں ہیں، جیتتے ہیں تب بھی اپنی غلطیوں کو دیکھتے ہیں، میکسویل کی گیم ہی ایسی ہے چاہے ون ڈے ہو یا ٹی ٹوئنٹی میچ ہو، ان کی بیٹنگ نے میچ میں فرق ڈالا۔ دونوں ملکوں کے درمیان اب تک26 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ دونوں ملکوں نے12،12میچز جیت رکھے ہیں ۔ ایک میچ بے نتیجہ رہا اور ایک میچ ٹائی ہوا۔