اسلام آباد(مہتا ب حیدر، تنو یر ہاشمی )وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نےکمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا ہے، وزیر قانون نےجمعہ کو کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ چیئرمین سی سی پی، ڈاکٹر کبیر احمد سدھو، سی سی پی کے اراکین سلمان امین، عبدالرشید شیخ، سعید احمد نواز، اور بشریٰ ناز ملک اور کمیشن کے افسران سے بریفنگ لی۔چئیرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے وفاقی وزیر کو کمیشن کے آپریشنل چیلنجز اورانفورسمنٹ کی راہ میں حائل قانونی رکاوٹوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر قانون نے کمپٹیشن اپیلٹ ٹریبیونل کے چئیرمین اور ممبران کی فوری تقرری کی یقین دہانی کرائی۔بریفنگ میں کہا گیا کہ اس وقت سپریم کورٹ میں 211، لاہور ہائی کورٹ میں 43، سندھ ہائی کورٹ میں 44 اور اسلام آباد، پشاور اور ہائی کورٹس میں بھی متعدد کیسز زیر التوا ہیں جبکہ کمپٹیشن اپیلٹ ٹریبیونل کے سامنے بھی 172 کیسز زیر التوا ہیں۔کمپٹیشن کمیشن کے حکام نے نے وفاقی وزیر کومختلف شعبوں کی مارکیٹوں میں کارٹیلائزیشن کے خلاف کی گئی کاروائیوں سے بھی آگاہ کیا۔ کمیشن کا ریسرچ ڈیپارٹمنٹ انشورنس، ہوا بازی، روڈ کنسٹرکشن اور بجلی کی ترسیل اور ڈسٹری بیوشن جیسے اہم سیکٹرز میں کمیٹیشن اور ریگولیٹری رکاوٹوں پر ریسرچ کر رہا ہے۔