• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گٹکا مافیا کیخلاف کارروائی، لیڈی پولیس سرچرز نے 25 لاکھ لوٹ لئے

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) پولیس کی ملیر ٹاسک فورس کے اورنگی ٹاؤن میں ماوا فیکٹری پر چھاپے کے دوران گھر سےلیڈی پولیس سرچرز نے 25لاکھ روپے لوٹ لیے۔ دو لیڈیز پولیس اہلکاروں کی تلاشی کے دوران16لاکھ روپے برآمد کرلئے گئے۔ 3لیڈی اہلکاروں کو معطل کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ سینئر سپرٹینڈنٹ پولیس ملیر کاشف عباسی نے "جنگ" کو بتایا کہ آئی جی سندھ کی ٹاسک فورس کے ڈی ایس پی ملیر عابد مہر کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے ہفتے کو خفیہ اطلاع پر اورنگی ٹاؤن سیکٹر 12ایل کی موریہ گوٹھ کے ایک گھر پر قائم ماوا فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں سے 55کلو گرام تیار شدہ گٹکا ماوا، چھالیہ سمیت دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ دو ملزمان محمد یونس عرف نونیا اور محمد حسین کو گرفتار کرکے اورنگی ٹاؤن تھانے میں مقدمہ نمبر 622/24 درج کیا گیا۔ سینیئر سپرٹینڈنٹ ویسٹ طارق مستوئی کے مطابق کاروائی کے بعد ملیر کی پولیس پارٹی واپس چلی گئی تو چھاپے کے مقام سے اہلخانہ شور مچاتے ہوئے اورنگی تھانے پہنچے اور گھر سے 25 لاکھ روپے، سونا اور غیرملکی کرنسی لوٹے جانے کا انکشاف کیا۔ کاشف عباسی کے مطابق پولیس پارٹی انچارج ڈی ایس پی نے راستے میں ہی ملیر ہالٹ پر چھاپہ مار پارٹی کو روک لیا۔ تمام اہلکاروں کی تلاشی لی اور اس دوران دو لیڈی کانسٹیبلز ارم اور مائرہ کے بیگز سے 16 لاکھ روپے کیش برآمد ہوگیا۔ تاہم اس دوران باقی رقم ادھر ادھر ہوگئی۔ جس پر مزید رقم کی برامدگی کیلئے لیڈی سرچرز کو بلوا کر دونوں خاتون پولیس اہلکاروں کی جسمانی تلاشی بھی لی گئی مگر مزید رقم برامد نہیں ہوسکی۔
اہم خبریں سے مزید