مصنّف: ڈاکٹر انوار احمد بگوی
صفحات: 318، قیمت: 2500روپے
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101 - 0300
ڈاکٹر انوار احمد بگوی کُہنہ مشق قلم کار ہیں۔ اُنہوں نے برّصغیر پاک وہند کے ایک علمی، ادبی اور دینی خاندان کی تین سو سالہ تاریخ مرتّب کرکے اہم خدمت انجام دی ہے۔ اُن کی مساعی جمیلہ سے خدمت و عزیمت کی داستان ’’تذکارِ بگویہ‘‘پانچ جِلدوں میں چَھپ کر محفوظ ہوگئی۔ ہمارے پیشِ نظر ڈاکٹر انوار احمد بگوی کی بارہویں کتاب ہے، جو دس ابواب پر مشتمل ہے۔
احوالِ وطن، آپ بیتی (تراجم)، تنقید، تبصرہ و تذکرہ، تاثرات، اتحادِ ملّت اور آدابِ اختلاف، خدمت و سعادت، نقطۂ نظر ، صحت( ترجمہ) اور انگریزی مراسلے، اِن عنوانات سے بھی اندازہ ہوجائے گا کہ کتاب کس نوعیت کی ہے۔ قومی، علمی، تحقیقی، معاشرتی اور تہذیبی مسائل پر بھی بحث کی گئی ہے۔
زیرِ نظر کتاب میں گوشۂ اقبال بھی ہے، جب کہ’’ اسلامی تحریکوں کا مستقبل‘‘ کے عنوان سے ایک انٹرویو بھی اس کی زینت ہے۔ یہ انٹرویو بہت اہمیت کا حامل ہے، لیکن انٹرویو لینے والے کا نام ہے اور نہ دینے والے کا۔ نیز، مولانا امین احسن اصلاحی، حیات وافکار کے عنوان سے بھی کئی مضامین شامل ہیں۔ جب کہ کتاب کا پیش لفظ صاحب زادہ ابرار احمد بگوی نے تحریر کیا ہے۔