• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کچھ چٹ پٹے کھانوں سے مہمانوں کا دل جیتیں

صائمہ مسلم ، کراچی

آج کم و بیش ہر فرد ہی ہوش رُبا منہگائی کے ہاتھوں سخت پریشان اور گھریلو اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنا پیٹ کاٹنے پر مجبور ہے، لیکن عُمدہ ولذیذ کھانوں، مرغّن غذاؤں سے مہمانوں کی خاطر تواضع، آؤبھگت پر سمجھوتے پہ بھی کوئی آمادہ نہیں، کیوں کہ بہرحال گھرآئے مہمان رحمتِ خداوندی ہوتے ہیں اور اُن کی خاطر مدارت میں کوئی کسراُٹھا نہ رکھنا ہماری دیرینہ روایت ہے۔ 

تو اگر آج، آپ بھی کسی کی میزبانی کا فریضہ انجام دینے جارہے ہیں، تو اس دعوتِ طعام کے لیے ہماری طرف سے چند بہترین، ذائقےدار ڈِشز ’’بنارسی بریانی، دَم چکن، کھٹّا میٹھا کریلا مسالا اور مٹکا گوشت‘‘ کی تراکیب حاضرِخدمت ہیں۔ ذرا آزما کر دیکھیں۔ مہمان انگلیاں چاٹتے نہ رہ گئے، تو کہیے گا۔

بنارسی بریانی

اجزاء: گوشت ایک کلو، نلی (ہڈی) آدھا کلو، چاول ایک کلو، ٹماٹر ایک پاؤ، دہی ایک پاؤ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، پیاز (درمیانی) دو عدد، لال مرچ (کُٹی ہوئی) پانچ چائے کے چمچ، اچار دو کھانے کے چمچ، قصوری میتھی تین کھانے کے چمچ، کھڑا گرم مسالا مکس مُٹّھی بَھر، سبز الائچی تین عدد، چائنیز نمک ایک چائے کا چمچ، تیل چار کھانے کے چمچ، کڑی پتّے دس عدد، نمک حسبِ ذائقہ، سبز مرچ چند عدد، دھنیا ، پودینا مُٹّھی بَھر۔

ترکیب: ایک برتن میں گوشت، نلی، سبز الائچیاں، دو چائے کے چمچ کُٹی ہوئی لال مرچ، دو چائے کے چمچ دہی، ایک چائے کا چمچ نمک اور دو لیٹر پانی ڈال کر تمام اجزاء کو گوشت گَل جانے تک پکائیں۔ پھر ایک الگ برتن میں تیل ڈالیں اور اس میں پیاز شامل کر کے اچّھی طرح سُنہری کرلیں۔ اس کے بعد پیاز اور سلائسز کی شکل میں ٹماٹر گَل جانے تک پکائیں اور چمچ ہلاتے رہے۔ 

اب اس آمیزے میں سے یخنی الگ کر کے گوشت اور دہی ڈالیں۔ پھر لہسن، ادرک کا پیسٹ اور باقی سارے مسالا جات ڈال کر اس طرح بُھونیں کہ تیل الگ نظر آئے۔ پھر چاول، حسبِ ذائقہ نمک، سبز مرچ، کڑی پتّا اور پودینا ڈال کر چاول بُھون لیں اور گوشت والی یخنی ڈال کر چاول پکنے دیں۔ پانی خُشک ہو جائے، تو دَم دینے کے لیے رکھ دیں۔ تیار ہونے پر رائتے، سلاد کے ساتھ سرو کریں۔

دَم چکن

اجزاء: چکن ایک کلو، پیاز دو عدد (باریک کاٹ لیں)، دہی ایک پاؤ، لہسن، ادرک کا پیسٹ، دو کھانے کے چمچ، تیل ایک چھٹانک، زیرہ ایک چائے کا چمچ، کالی مرچ ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا آدھا چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، ہرا دھنیا ایک گڈی، ہری مرچ پندرہ عدد (باریک کاٹ لیں)، کوئلہ (دہکتا ہوا) ایک عدد۔

ترکیب: ایک برتن میں چکن، دہی، لہسن، ادرک کا پیسٹ اور باقی سارے مسالے ڈال دیں۔ سبز مرچ اور ہرا دھنیا تھوڑا سا بچا کر باقی اچّھی طرح مکس کر کے پندرہ منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ ایک فرائی پین میں تیل گرم کرکے پیاز سُنہری کرلیں۔ پھر چکن ڈال کر دھیمی آنچ پر پکائیں۔ 

چکن گَل جائے، تو اچّھی طرح بُھون لیں اور جب تیل اوپر آجائے، تو دہکتا ہوا کوئلہ ایک چھوٹی پیالی میں ڈال کر فرائی پین کے اندر رکھیں، کوئلے پر تھوڑا سا تیل ڈالیں اور پانچ منٹ کے لیے برتن ڈھانپ کر رکھ دیں۔ بعدازاں، کوئلہ نکال کر بچا ہوا ہرا دھنیا اور ہری مرچ اوپر سے ڈال کر دَم چکن کھانے کے لیے پیش کریں۔

مٹکا گوشت

اجزاء: چکن یا بیف ایک کلو، ٹماٹر آدھا پاؤ، دہی آدھا پاؤ، پیاز (درمیانی) دو عدد، سبز مرچ (باریک کٹی ہوئی) دو عدد، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک کھانےکا چمچ، گرم مسالا آدھا چائے کا چمچ، زیرہ آدھا چائے کا چمچ، کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ، ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچ، لال مرچ (پِسی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، پودینا ایک گڈی، تیل آدھا کپ۔

ترکیب: ایک برتن میں تیل گرم کر کے اس میں پیاز سُنہری کر لیں اور پھر گوشت ڈال کر اچّھی طرح ہلائیں۔ اس کے بعد لہسن، ادرک کا پیسٹ ٹماٹر اور دہی ڈال کر اچّھی طرح مکس کرلیں۔ سارے مسالا جات ڈال کر ایک گلاس پانی ڈال دیں اور برتن کو ڈھانپ کر گوشت اچّھی طرح گلنے دیں۔ 

گوشت گَل جائے، تو پودینا ڈالنے کے بعد آنچ تیز کر کے پانی خُشک کرلیں، تاکہ تیل اوپر آجائے۔ خُوش رنگ، لذیذ مٹکا گوشت چپاتی، پوری پراٹھے یا چاولوں کے ساتھ کھانے کے لیے پیش کریں۔

کھٹّا میٹھا کریلا مسالا

اجزاء: کریلے ایک پاؤ (دو انچ لمبائی اور آدھا انچ چوڑائی میں کاٹ لیں)، سرسوں کا تیل آدھا چھٹانک، پیاز ایک پاؤ ( کریلے اور پیاز ہم وزن ہونے چاہئیں) ٹماٹر ایک عدد، اچار ایک کھانے کا چمچ (املی یاکیری بھی استعمال کی جا سکتی ہے)، لہسن، ادرک کا پیسٹ آدھا چائے کا چمچ، زیرہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، کالی مرچ پائوڈر آدھا چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، رائی کا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، چینی حسبِ منشا، پانی آدھا کپ۔

ترکیب: فرائی پین میں کریلے، تمام مسالا جات اور تیل ڈال کر ہاتھ سے اچّھی طرح مکس کر لیں۔ پھر پانی ڈال کر چمچ سے ملائیں۔ اُبال آنے تک آنچ تیز رکھیں اورپھر دھیمی کر کے پکنے دیں۔ 

اس دوران وقفے وقفے سے چمچ ہلاتے رہیں تاکہ پیازاچّھی طرح مکس ہوجائیں۔ کریلے گَل جانے پر چینی ڈال کر تیز آنچ پر اتنا پکائیں کہ تیل اوپر آجائے۔ لذیذ، منفرد ڈش کو چپاتی یا پراٹھے کے ساتھ پیش کریں۔

نوٹ: کھٹاس اور مٹھاس حسبِ ذائقہ بڑھائی اور کم کی جا سکتی ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید