لاہور(آصف محمود بٹ ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے توقع ظاہر کی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں نمایاں بہتری آئے گی اور تجارتی و سفارتی تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ روزنامہ ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستانی مصنوعات کے لیے سب سے بڑی اور اہم منڈی ہے ہے جس کے ساتھ باہمی سالانہ تجارت کا حجم تقریباً 6.5 ارب ڈالر ہے جس میں مزید اضافہ کی توقع کی جاسکتی ہے۔میاں ابوذر شاد نے بتایا کہ امریکہ 2023 میں پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی رہا جسے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کا حجم 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔ ٹیکنالوجی کے تبادلے، زراعت اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون نہ صرف اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرسکتا ہے بلکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیدا ہونگے۔ انہوں نے خاص طور پر نشاندہی کی کہ 2023 میں امریکہ کی جانب سے پاکستان میں 1.5 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جسے مزید بڑھانے کے لیے سازگار پالیسیاں وضع کرنے کی ضرورت ہے۔