اسلام آباد (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کراچی بندرگاہوں کو منافع بخش بنانے اور اندرون ملک نقل و حمل میں بہتری لانے کے لئے وزارت منصوبہ بندی، بحری امور، ریلوے، پورٹ قاسم اتھارٹی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔ کمیٹی دو ہفتوں کے اندر مسائل کا جائزہ لے کر ایک متفقہ حل پیش کرے گی۔ وفاقی وزیر نے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بندرگاہوں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا، تجارت کو فروغ دیا جائے گا اور پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ احسن اقبال کی زیر صدارت کراچی بندرگاہوں کو منافع بخش بنانے اور اندرون ملک نقل و حمل میں بہتری لانے کے لئے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران ممبر انفراسٹرکچر وقاص انور نے بندرگاہوں کی کارکردگی بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیراعظم آفس کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا جو کراچی بندرگاہ پر درپیش مسائل کے حل کے لئے قائم کی گئی ہے۔