کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے بین الاقوامی دن کے موقع پر خواتین پر ہر قسم کے تشدد کی روک تھام کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے، خواتین کے خلاف تشدد انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور ایک منصفانہ اور مساوی معاشرے کے قیام میں بڑی رکاوٹ ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے صنفی بنیاد پر تشدد کے پھیلاؤ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسکے اسباب کو جامع قانون سازی، سماجی اور ثقافتی اصلاحات کے ذریعے دور کرنے کیلئے فوری اقدامات پر زور دیا۔