• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی پیشکش، بریک تھرو کی کوششیں، PTI رہنماؤں کی دو بار جیل میں ملاقاتیں، عمران کو حکومتی آپشنز سے آگاہ کیا گیا، بانی کا ایک پر اتفاق، ذرائع

اسلام آباد (نمائندہ جنگ /ایجنسیاں) حکومت اورتحریک انصاف کے مابین مذاکرات ‘ بریک تھرو کی کوششیں جاری ‘ پی ٹی آئی رہنماؤں کی اڈیالہ جیل میں دو بار عمران خان سے ملاقات ‘بانی چیئرمین کو حکومتی آپشنزسے آگاہ کیا۔

 تفصیلات کے مطابق بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد کی بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات ہوئی۔

 ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومتی تجاویز میں سے ایک پر اتفاق کر لیا اور بیرسٹر گوہر کو ویڈیو میسج ریکارڈ کروا دیا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو میسج بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور کارکنوں کےلیے رکارڈ کیا گیا۔

ملاقات کیلئے بیرسٹر گوہر کے ہمراہ شبلی فراز اور اسد قیصر بھی اڈیالہ جیل پہنچے ۔ ملاقات کانفرنس روم میں کرائی گئی جوملاقات 40منٹ جاری رہی۔

 ذرائع کا کہنا ہےکہ بیرسٹر گوہر نے احتجاج اور حکومت کی طرف سے آپشنز سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا۔

قبل ازیں حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان دھرنے کے مقام کا تعین کرنے کیلئے مذاکرات ہوئے ‘حکومت کی جانب سے امیر مقام، ایاز صادق، محسن نقوی اور رانا ثنا اللہ جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، شبلی فراز اور بیرسٹر گوہر بات چیت میں شریک ہوئے ‘ذرائع کے مطابق مذاکرات میں متفقہ طور پر دھرنا پوائنٹ فائنل کرنے پربات ہوئی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اسلام آباد نہ آنے کی درخواست کی گئی اور مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیلاروس کے سرمایہ کاروں کے ساتھ اسلام آباد میں بزنس کانفرنس ہورہی ہے۔

 ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی کو دھرنے کے لیے پریڈ گراؤنڈ یا پشاور موڑپر جگہ دینے کی پیش کش کی گئی جس کو پی ٹی آئی نے مسترد کردیا۔

ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی رہنما بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی کے مطالبے پر قائم ہیں اور مؤقف اپنایاکہ بانی پی ٹی آئی کو فوری رہا نہ کیا تو ڈی چوک پہنچیں گے۔ حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کااگلادور بھی ہونے کا امکان ہے۔اس سے پہلے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف اور بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ڈیڑھ گھنٹے تک مشاورت کی، ملاقات کے دوران اسلام آباد میں احتجاج کے معاملے پر مشاورت کی گئی ۔ 

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرگوہر کا کہناتھاکہ خان صاحب کی احتجاج کی کال فائنل ہے‘ حکومت سے بات چیت چل رہی ہے ‘اس حوالے سے جلد کوئی خبر آئے گی ‘احتجاج منسوخ کرنے والی کوئی بات نہیں ہے ۔

 ادھرجیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ انہیں کسی اور مقام پر روکنے کی سازش کی جا رہی ہے لیکن مجھے بانی پی ٹی آئی نے ہر صورت ڈی چوک پر پہنچنے کا کہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور سے رابطہ کیا تاہم مذاکرات کے حوالے سے علی امین نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

اہم خبریں سے مزید