• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزراء، سیکرٹری کراچی کی بہتری پر توجہ مرکوز رکھیں، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کی ٹیکس وصولی کے نظام کو موثر کیا جائے اور اس مسئلے کا فوری حل تلاش کیاجائے،جمعرات کو بین الاقوامی تعاون سے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نےمحکمہ بلدیات، محکمہ ورکس اینڈ انرجی کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کریں اور متعلقہ سیکریٹریز کام کے حوالے سے ہر دوسرے ہفتے میں رپورٹ پیش کریں ۔ مراد علی شاہ نے کراچی کی بہتری اور دیہی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے وزراء اور سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر منصوبوں کی نگرانی کو یقینی بناتے ہوئے ہر دوسرے ہفتے میں کام کے حوالے سے پیش رفت رپورٹ پیش کریں۔ اجلاس جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزراء ناصر شاہ، سعید غنی، محمد بخش مہر، حاجی علی حسن زرداری، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکرٹری توانائی مصدق خان، سیکرٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، سیکرٹری خزانہ فیاض جتوئی ،سیکرٹری ورکس محمد علی کھوسو، سیکرٹری زراعت سہیل قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات سعید غنی کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر منصوبوں کی پیش رفت کی نگرانی کریں۔

اہم خبریں سے مزید